لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ فن کے ساتھ فنکاروں کی فلاح و بہبود بھی ضروری ہے۔ فنکار معاشرے کو صحت مند رکھنے میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں۔ آرٹسٹس سپورٹ فنڈ کا مقصد ضرورت مند اور مستحق فنکاروں کو مالی معاونت مہیا کرنا ہے۔ فنکاروں کی سہولت اور آسانی کیلئے فنڈ کی تقسیم کے میکنزم کو آسان تر بنا دیا گیا ہے۔اب آرٹسٹ بینکوں کے علاوہ جاز اور موبی کیش کے ذریعے بھی پیسے وصول کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے آج الحمرا آرٹ کونسل میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی کے بیسویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ مہنگائی کے پیش نظر ضرورت مند فنکاروں کے وظیفہ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ فنکاروں کی بیواؤں کیلئے مختص رقم بھی بڑھا دی گئی ہے۔ اجلاس کا مقصد آرٹس سپورٹس فنڈ اور مالی معاونت کیلئے موصول ہونیوالی درخواستوں کا جائزہ تھا۔ صوبائی وزیر نے مستحق فنکاروں کیلئے 50لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کو ہدایت کی کہ فنکاروں کیلئے مختص فنڈ رواں ماہ میں تقسیم کو یقینی بنائیں۔