لاپتہ پی ٹی آئی متوقع امیدوار کیس: وزارت دفاع، داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹریز پیر کو طلب  

Jan 11, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے سرگودھا سے تحریکِ انصاف کے متوقع امیدوار عبداللہ کاہلوں کے ایئرپورٹ سے لاپتہ ہونے سے متعلق کیس میں لاپتہ عبداللہ کاہلوں ہائیکورٹ پیش نہ ہونے پر وزارتِ دفاع اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹریز کو طلب کر لیا اور کہا ہے کہ جوائنٹ سیکرٹری دفاع اور داخلہ پیر کو عدالت میں پیش ہوں۔ گذشتہ روز عبداللہ کاہلوں کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ عبداللہ کاہلوں کو ایئرپورٹ سے باہر آنے تک کیمروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ایئرپورٹ کے باہر سے وہ تین چار لوگوں کے ساتھ چلا گیا، کوئی مزاحمت نظر نہیں آئی، چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ جو تین چار لوگ لے کر جا رہے ہیں انکے چہرے دیکھے جا سکتے ہیں؟، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ نہیں، اْن لوگوں کے چہرے نظر نہیں آ رہے، چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ کیا ایئرپورٹ کی پارکنگ میں بھی کیمرے لگے ہیں؟۔ اب اِس معاملے کو آگے کیسے لے کر چلنا ہے؟، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ ہم اداروں کو بھیج دیتے ہیں کہ وہ ٹریس آؤٹ کریں، چیف جسٹس نے کہاکہ یہ میرے آرڈر کی خلاف ورزی ہے۔ میں اپنے آرڈر پر عملدرآمد کیسے کراؤں؟، وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع کے جوائنٹ سیکرٹریز کو طلب کر رہا ہوں، سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں