فیض آباد دھرنا، متعلقہ افسروں کیخلاف کارروائی کی جائے، سیکرٹری دفاع کا سروسز چیفس کو خط

Jan 11, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمود الزمان خان نے تینوں سروسز چیفس کو خطوط لکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیض آباد دھرنا کمشن کے حوالے سے سیکرٹری دفاع نے تینوں سروسز چیفس کو خطوط لکھے ہیں۔ تینوں سروسز چیفس کو سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں خطوط لکھے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خطوط میں تینوں سروسز چیفس کو 2017ء کے دھرنے کے متعلقہ افسران کے کردار کا جائزہ لیکر کارروائی کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کے ساتھ ہی سیکرٹری دفاع نے اپنا تحریری بیان فیض آباد دھرنا کمشن کو بھجوا دیا ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال نومبر میں نگران حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری کمشن تشکیل دیا تھا۔3 رکنی کمشن کے سامنے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم فواد حسن فواد سمیت کئی افسران پیش ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں