پشاور؍ تربت (نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی کے کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ کے گاؤں تپی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق میرانشاہ میں میں فائرنگ سے جاں بحق تین افراد میں حلقہ پی کے-104 سے انتخابات میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ جاں بحق افراد کی شناخت ملک کلیم اللہ، مسرور اور محمد سخی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملک کلیم اللہ ساتھیوں کے ہمراہ اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر فائرنگ کی گئی۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے میرانشاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے شہر تربت میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے سابق سینیٹر اور مسلم لیگ (ن) کی طرف سے قومی اسمبلی کے امیدوار اسلم بلیدی زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنرکیچ حسین جان کے مطابق تربت شہر میں مین روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اسلم بلیدی زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کے مطابق اسلم بلیدی این اے 258 سے الیکشن میں امیدوار ہیں۔ وہ عیسیٰ قومی پارک میں واک کر رہے تھے۔ میر اسلم بلیدی کو بازو اور ٹانگ پر گولی لگی۔