نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے حکومت کو سکیورٹی مسائل کا ادراک ہے جنہیں حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔الیکشن 2024 سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے ہی انتخابات کروانے ہیں، الیکشن کمیشن کو سہولیات کی فراہمی نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، نگران حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا معیشت، اقتصادیات کی بہتری وقت کی ضرورت ہے اور سیاست معیشت اور اقتصادیات کا ارتکاز ہے، ہم نے اپنی زیادہ تر ضروریات قرضوں پر چلائی ہیں، سیاسی جماعتیں اس گڑھے سے نکلنےکا منشور دیں، ساری جنگ معیشت اور اقتصادیات کی ہے۔لیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا پی ٹی آئی سے متعلق معاملات کا پی ٹی آئی ہی بہتر بتا سکتی ہے، آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، نگران حکومت آئینی اور قانونی حکومت ہے اور حکومت الیکشن کمیشن کے پیچھے کھڑی ہے، الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی، سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے آئینی طور پر پابند ہیں۔مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا سکیورٹی مسائل حقیقی ہیں اور ہمیں ان کا ادراک ہے، سکیورٹی مسائل کو بہتر کریں گے، ان شاءاللہ انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا صرف بات چیت ہمارے مسائل کا حل نہیں ہے، ہمیں تلخ مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے، فیک نیوز اور جھوٹی خبروں سے اجتناب کرنا ہو گا، یہ کہنا بہت آسان ہےکہ 300 یونٹ بجلی فری کر دیں گے، ہمارے اصل مسائل صحت اور تعلیم کے ہیں، ملک کے مستقبل سے کھیل کر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
سکیورٹی مسائل کا ادراک ہے، الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے: مرتضیٰ سولنگی
Jan 11, 2024 | 14:16