اورکزئی ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے بارہ شدت پسند ہلاک اورچارزخمی ہوگئے ۔ ادھرنوشہرہ میں سکیورٹی فورسز نے دواہم شدت پسند کمانڈروں سمیت اکیس مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا ۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں نے آج صبح سویرے اپراورکزئی ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پرگولہ باری کی جس کے نتیجے میں بارہ شدت پسند ہلاک اور چارزخمی ہوگئے جبکہ کارروائی میں ان کے تین ٹھکانے بھی تباہ ہوئے ۔ ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں چشمہ فلور کے قریب سکیورٹی فورسز نے سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنا دیا ، جس سے علاقہ ایک بڑی تباہی سے بچ گیا ۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں اورعسکریت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا ۔ دوران آپریشن اذاخیل کیمپ سے دواہم شدت پسند کمانڈروں شیراہا اورمحمد داؤد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ۔ دونوں کو تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ ادھرزیارت کاکا صاحب اور بدرشی میں سکیورٹی فورسز نے کرفیو نافذ کرکے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران انیس مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا جن سے تفتیش جاری ہے ۔

ای پیپر دی نیشن