ملتان (سپورٹس ڈیسک) لاہور اور فیصل آباد سیمی فائنل مقابلوں میں حریف ٹیموں کو شکست دے کر پنجاب انٹر ڈویژن انڈر 16 ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل کےلئے کوالیفائی کر لیا۔ نیشنل سٹیڈیم لاہور پر کھلے گئے پہلے سیمی فائنل میں لاہور نے بہاول پور کو بآسانی 6-2 سے شکست دے دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں فیصل آباد نے ساہیوال کے خلاف3-0 سے کامیابی حاصل کی۔ فائنل آج سہ پہر چار بجے کھلا جائے گا۔ پہلے سیمی فائنل میں لاہور کو پہلے ہاف میں بہاول پور کے خلاف 1-2 کے خسارے کا سامنا تھا تاہم دوسرے ہاف میں میزبان ٹیم انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید پانچ گول داغ دئے۔ بہاول پور جس نے پہلے ہاف میں عمدہ کھیل پیش کیا دوسرے ہاف میں لا ہور کی فاروڈ لائن کے تابڑ توڑ حملوں کا مقابلہ نہ کر سکی اور میچ ہار گئی۔ لاہور کی طرف سے بلال قادر اور بلال محمود نے دو دو جبکہ محمد رضوان اور رانا تنویر نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں فیصل آباد کو ساہیوال کے خلاف پہلے ہاف میں 1-0 سے برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں فاتح ٹیم نے مزید دو گول کئے۔ گول کرنے والوں میں محسن صابر‘ مبشر علی اور محمد نوید نے ایک ایک گول کیا۔