اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ جی اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ امریکی سفیر نے وزیر خزانہ کو حالیہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ کی کامیابی کی مبارکباد دی جس میں پاکستانی عوام نے واضح مینڈیٹ دیا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ نئی جمہوری حکومت کی طرف سے پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے کے لئے معاشی سرگرمیاں حوصلہ افزا ہیں۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ پاک امریکہ تعلقات مزید فروغ حاصل کریں گے۔ دریں اثناءبرطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کی وزیر جسٹن گرینگ نے بھی وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ برطانیہ کا پاکستان کے اندر ترقیاتی پروگرام قابل قدر ہے۔ انہوں نے برطانوی وزیر کو معیشت کی بحالی اور مائیکرو اکنامک عدم توازن کی درستگی کے لئے اٹھائے اقدامات سے آگاہ کیا۔ برطانوی وزیر نے کہا کہ برطانوی کسٹمزسروس اپنے تجربات پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گی۔