رہائشی علاقوں میں سی این جی سٹیشنوں کیخلاف کارروائی شروع، 36 کے کنکشن منقطع

لاہور (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر اوگرا نے رہائشی علاقوں میں قائم سی این جی سٹیشنز کیخلاف کارروائی کا آغاز کر تے ہوئے 36 سی این جی سٹیشنز کے کنکشنز منقطع کر دئیے جبکہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چیئرمین غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 1800 سی این جی سٹیشنز کی فہرست مرتب کی گئی ہے اور 90 فیصد سٹیشنز بند نے سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ بیروزگار ہو جائےں گے۔ اوگرا نے گذشتہ روز سوئی نادرن کے ہمراہ رہائشی علاقوںمیں قائم 25 سی این جی سٹیشنز کے کنکشنز منقطع کر دئیے۔ علاوہ ازیں غیاث عبد اللہ پراچہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ یہ آپریشن صرف لاہور میں نہیں ہو رہا بلکہ پورے ملک میں 1800 سی این جی سٹیشنز کے کنکشنز منقطع کرنے کی فہرست مرتب کی گئی ہے جو ظلم اور زیادتی کے مترادف ہے۔ سپریم کورٹ کے 5 جولائی 2013ءکے فیصلے میں میں لائسنسوں کی منسوخی یا کنکشن منقطع کرنے کا نہیں کہا گیا۔ علاوہ ازیں سوئی ناردرن حکام کے مطابق رہائشی علاقوں میں قائم سٹیشنز بند کرنے کی پہلی فہرست مل گئی ہے مجموعی طور پر 350 سٹیشنز قائم ہیں مرحلہ وار بند کریں گے۔ کسی سیاسی جماعت کا دباﺅ برداشت نہیں کیا جائیگا۔ تمام سی این جی سٹیشنز سے برابر سلوک ہو گا۔ 

ای پیپر دی نیشن