بارشیں جاری ‘ چھتیں گرنے ‘ کرنٹ لگنے سے مزید 8 افراد ہلاک‘10 زخمی

لاہور (سٹی رپورٹر+ نامہ نگاران) ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جبکہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے مزید کمسن بچے سمیت مزید 8 افراد دم توڑ گئے جبکہ 10افراد زخمی ہو گئے۔ ایمن آباد سے نامہ نگار کے مطابق تاج چوک ایمن آباد میں 2منزل مکان کی بالائی چھت نچلی چھت پر گر گئی جس کے باعث نیچے بیٹھا شیرا بھلر ملبے تلے دب گیا اسے ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا۔ للّہ ٹاﺅن سے نامہ نگار کے مطابق پنڈدادنخان میں 13سالہ آٹھویں جماعت کا طالب علم توقیر رضا بارش کے پانی میں نہا رہا تھا کہ پانی میں اچانک کرنٹ آنے سے جان کی بازی ہار گیا، ڈسکہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق 60سالہ شخص اللہ رکھا گھر میں سویا ہوا تھا۔ موسلادھار بارش سے چھت زمین بوس ہو گئی۔ پھلروان سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کا کرنٹ لگنے سے نوجوان جنید جاں بحق ہو گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق نندی پور میں مکان کی چھت گرنے سے عابدہ بی بی ہلاک ہو گئی۔ نوشہرہ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے بھولا دم توڑ گیا۔ اسی طرح متعدد دیگر چھوٹے چھوٹے حادثوں میں 6سے زائد افراد کے زخمی ہو گئے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق بھلے ڈسن وال (فیروزوالا) کے علاقے میں محنت کش محمد اسلم کے مکان کے کمرے کی چھت گرنے سے اس کا نوجوان بیٹا عاطف ہلاک اور بیٹی زخمی ہو گئی۔ فرخ آباد شاہدرہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے محنت کش کا کمسن بیٹا 4سالہ چاند جاں بحق، بیٹی پروین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے آج جمعرات سے مون سون بارشوں میں کمی کی پیش گوئی کی ہے جس سے رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں روزہ داروں کو بھی گرمی اور حبس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ہزارہ ڈویژن، وسطی/ زیریں خیبر پی کے، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں چند ایک مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن