اسلام آباد(ثناء نیوز)سینٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا چھ رکنی وفد کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر حاجی محمد عدیل کی قیادت میں برسلز میں نیٹو ہیڈ کوارٹر پہنچ گیا جہاں نیٹو کے اعلیٰ حکام نے ملاقات میں اس توقع کا اظہار کیا کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے ذریعے دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور تربیتی کیمپوں کو کامیابی سے ختم کر دیا جائیگا۔ نیٹو کے اعلیٰ حکام نے افغانستان کی قیادت سے صدارتی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے پر زور دیا تاکہ نیٹو اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ سکیورٹی معاہدے پر دستخط کو یقینی بنایا جا سکے۔ قائمہ کمیٹی کے وفد نے یورپی یونین کے مختلف اداروں کے تھنک ٹینک سے ملاقاتیں کیں وفد کے دیگر اراکین میں سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر عبدالنبی بنگش، سینیٹر ملک محمد رفیق رجوانہ، سینیٹر مظفر حسین شاہ، اور سینیٹر جہانگیر بدر شامل ہیں۔ اسلام آباد سے دورے کے بارے میں جاری اعلامیے کے مطابق سینٹ قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے اس چھ رکنی وفد نے نیٹو ہیڈ کوارٹر میں اتحادی افواج کے مختلف اعلیٰ حکام بشمول نیٹو سفیر سے ملاقات کی، وفد کے اراکین نیٹو کے آپریشنز کے حکام سے بھی ملے۔ اعلامیے کے مطابق نیٹو حکام نے وفد کو حالیہ افغان صدارتی انتخابات کے خطے کی سیکورٹی کے حالات پر ممکنہ اثرات ، یوکرائن میں روسی مداخلت اور نیٹو کے روس کے ساتھ تمام پروگراموں کی معطلی، تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی سیکورٹی کی صورتحال اور اس ضمن میں نیٹو کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے وفد نے بیلجیئم میں سینٹ اور ایوان نمائندگان کا دورہ کیا یورپی یونین پاکستان فرینڈ شپ نے اس موقع پر وفد کو عشائیہ بھی دیا۔
شمالی وزیرستان میں آپریشن سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا خاتمہ ہو گا: نیٹو حکام
Jul 11, 2014