لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کا جواب دینے کیلئے پوری مسلم امہ متحد و بیدار ہو جائے۔ مسلم ممالک اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کریں اور مظلوم فلسطینیوں کی کھل کر مددوحمایت کی جائے۔ امریکہ کی طرف سے اسرائیلی بربریت کی مذمت کی بجائے اسے شہ دینے سے اس کا گھنائونا کردار ایک بار پھر کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں وزیرستان متاثرین سخت مصائب و مشکلات میں مبتلا ہیں پوری قوم اپنے متاثرہ بھائیوں کی دل کھول کر مدد کرے۔ جماعۃالدعوۃ روزانہ ہزاروں متاثرین کو سحروافطار کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام ٹوکے والا چوک شاد باغ میں سحری کے موقع پر درس قرآن کی مجلس اور گارڈن ٹائون میںافطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسرائیلی جارحیت کا دائرہ کار صرف فلسطین اور غزہ تک محدود نہیں ہے‘ مقبوضہ کشمیر میں موساد نے اپنے اڈے بنا رکھے ہیں اور بھارتی فوج کو کشمیریوں کی تحریک آزادی کچلنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ پاکستانی دریاؤں پر ڈیم تعمیر کر کے وطن عزیز کو بنجر بنانے اور اس کے ایٹمی پروگرام کو بھی نشانہ بنانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں مگر ان کے یہ ناپاک عزائم انشاء اللہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔ بیرونی قوتوں کی سازشیں جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ملک سے غیر ملکی مداخلت ختم کرنا ہو گی۔ کسی مسلمان کا اپنے دوسرے مسلمان کی طرف ہتھیار کا رخ کرنا بھی جائز نہیں۔ بھارت و امریکہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی خوفناک سازشیںکر رہے ہیں جنہیں ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اس خطے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ کشمیری پاکستان سے توقعات رکھتے ہیں اور اسے اپنا وکیل سمجھتے ہیں مگر پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کیلئے بھرپور آواز نہیں اٹھائی جا رہی۔ مشرف کا کشمیر پر یوٹرن لینا بہت بڑی غلطی تھی۔ علاوہ ازیں حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان پر قبضہ کر کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانا اور گوادر ودیگر علاقوں میں اپنے اڈے بنانا چاہتا تھا۔ مسلمانوں کی قربانیوںکے نتیجہ میں اس کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ شمالی وزیرستان کے عوام پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ وزیرستان متاثرہ ہزاروں خاندانوں کو ماہانہ راشن اور ان کے سحروافطار کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو باہم لڑانا چاہتی ہیں‘ ہم نے ملک سے فرقہ واریت کا خاتمہ کرنا اور تشدد کو روکنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان جسٹس پارٹی کے زیر اہتمام لاہور ہائیکورٹ بار کے کراچی شہداء ہال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سیمینار سے پاکستان جسٹس پارٹی کے چیئرمین ملک منصف اعوان ایڈوکیٹ، میاں قدیر، رانا طاہر محمود ایڈوکیٹ، سجاد حسن بھٹی، خوشنود ڈوگر، شبنم ناگی، نور سرفراز احمد، عبداللہ ملک ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے خطاب میں کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری ہے۔ آٹھ لاکھ افراد وہاں سے نقل مکانی کر کے خیبر پی کے اور بلوچستان کے علاقوں میں پہنچ چکے ہیں۔ بلوچستان میں نازک حالات،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، غرض کہ سارا پاکستان ہی میدان جنگ بنا ہوا ہے ہمیں ان مسائل کی طرف سوچنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے اس خطہ کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا ہوا ہے۔ امریکہ اور نیٹو اپنی شکست و ناکامی کا برملا اعتراف کر رہے ہیں۔ اسی لئے اب پاکستان سے انتقام لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں جو بھی حالات ہیں یہ سب امریکی منصوبے کا حصہ ہے، ریمنڈ ڈیوس لاہور سے پکڑا گیا تھا، ہزاروں سی آئی اے اہلکار پاکستان میں جن منصوبوں پر کام کرتے رہے آج ان کا رد عمل سامنے آ رہا ہے اور اسی وجہ سے پاکستان میدان جنگ بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج لوگوں کے دل جیتنے کا آپریشن کر رہی ہے جو غلط فہمیاں، سازشیں امریکہ اور بھارت نے ان علاقوں میں پھیلائی تھیں اور پاکستان کے خلاف لوگوں کو لڑنے کے لئے آمادہ کیا تھا۔ آج شمالی وزیرستان کے عوام نے پاک فوج کا ساتھ دیتے ہوئے ان تمام سازشوں کا ناکام بنا دیا ہے۔ پاکستان پریشان کن صورتحال سے دوچار ہے ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ مسلمانوں کی ہزار سال کی تاریخ کا بڑا واقعہ امریکہ و نیٹو کی اس خطے میں شکست ہے۔
فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کا جواب دینے کیلئے امہ متحد ہو جائے: حافظ سعید
Jul 11, 2014