کراچی (رپورٹ: شہزاد چغتائی) حکومت سندھ نے سرکلر ریلوے کے متاثرین کی منتقلی کیلئے15 ارب روپے کا مطالبہ کرکے منصوبہ کو سبوتاژ کر دیا۔ وزیراعظم نوازشریف بھی ناراض ہوگئے۔ انہوں نے کہا اتنے اخراجات تو لاہور میں بھی نہیں ہوئے تاہم انہوں نے کہاکہ تجاوزات کو ترجیحی بنیادوں پر ہٹایا جائے۔ وزیراعظم نے سوال کیا ریلوے لائن پر کیسے مکان بن سکتے ہیں۔ وزیراعظم کو غصہ میں دیکھ کر بیورو کریسی پریشان ہوگئی اور اس نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرا دی۔ ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے سرکلر ریلوے کی لائن محفوظ ہے۔ کئی جگہ پٹری اکھاڑ دی گئی ہے جو بچھائی جاسکتی ہے چند دنوں میں ٹرین چل سکتی ہے لیکن بیورو کریسی کو عقابی نگاہیں جاپان کی256 ارب کی امداد پر لگی ہے اس لئے اس نے15 ارب کا حصہ مانگا۔