اٹک (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے شیخ رشید کے الزامات کا جواب ہم دے سکتے ہیں فوج نہیں، شیخ صاحب فوج پر الزامات لگا رہے ہیں، شیخ رشید صرف الزام لگانا جانتے ہیں وہ سیاستدانوں پر الزام لگائیں جواب دیں گے، پاکستان ایک منظم ملک ہے اور اس کے تمام ادارے منظم ہیں، پاکستانی فوج پاکستان کی سلامتی کو دائو پر لگانے والوں کو کاٹا لگا رہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ عمران خان یوم آزادی کو یوم احتجاج میں نہ بدلیں عمران خان نے مارچ کا نام بدل لیا اب وہ تاریخ بھی بدل لیں۔ 14 اگست قوم کے متحد ہونے کا دن ہے۔ ارسلان افتخار کے والد پر الزامات لگائیں گے تو بیٹا جواب تو دے گا۔ پرویز رشید نے کہا ہمارا فون آج تک ٹیپ نہیں ہوا اور نہ ہی کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے تمام ادارے آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ طاہرالقادری کا ملک میں کوئی ووٹ بینک نہیں، وہ اپنے انقلاب کے ساتھ جلد کینیڈا روانہ ہو جائیں گے۔ وہ انتخابی اصلاحات میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ طاہر القادری ملک کے آئین اور قانون کو نہ مان کر کس کے ایجنڈے پر کار فرما ہیں۔ طاہرالقادری پاکستان میں رہیں تو انہیں پتہ چلے کہ شرح نمو اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے ۔
پرویز رشید