لندن/اسلام آباد( اے این این) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان کی قومی اسمبلی اور برطانوی دارالعوام کے درمیان قانون سازی، ڈرافٹنگ، قواعد وضوابط اور دیگر پارلیمانی طریقوں کے حوالے سے مشترکہ تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ لندن سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے ان خیالات کا اظہار برطانوی دارالعوام کے سپیکر جان برکو سے ملاقات کے دوران کیا۔ اپنے برطانوی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی قومی اسمبلی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا پاکستان کے تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں پارلیمانی طرز عمل اور قانون سازی ڈرافٹنگ کو بطور مضمون رائج کردیا گیا ہے تاکہ مستقبل میںہماری آنے والی نسلیں پارلیمنٹ اور اس سے متعلقہ اداروں میں بخوبی فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی ضرورت پوری کرنے اور پیپرلیس دفتر کے قیام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے برطانوی ہم منصب کو قومی اسمبلی کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ برطانوی دارالعوام کے سپیکر نے پاکستانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے پاکستانی پارلیمنٹ میں کام کرنے کے طریقہ کار پر گہری دلچسپی ظاہر کی اور سیکرٹریٹ میں سادگی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات و سیکرٹریٹ کی ترقی کے لیے مختلف طریقہ کار کو متعارف کروانے پر سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے بحیثیت سپیکر اپنے مشترکہ تجربات کا تبادلہ خیال کیا اور اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے درمیان توازن برقرار رکھنا ہی پارلیمانی جمہوریت کی اصل روح ہے۔ انہوں نے برطانوی ہم منصب کو 2015 میں پاکستان میں منعقد ہونے والی دولت مشترکہ کی پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA)کی جنرل اسمبلی میں شرکت کرنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے شرکت کرنے کی آمادگی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں پاکستانی پارلیمانی وفد کو برطانیہ کے آڈٹ کے نظام اورپارلیمانی پلیسمنٹ سکیم کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کے سپیکر نے برطانوی دار الاامراء کی سپیکر Baroness D'Souza سے بھی ملاقات کی۔ پاکستانی وفد میں ارکان قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی، راجہ جاوید اخلاص، ڈاکٹر درشن اور ڈاکٹر عارف علوی شامل تھے۔
سردار ایاز صادق