پاراچنار (آئی این پی) کرم ایجنسی کے علاقہ گیدو میں مسجد میں جرگہ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 20 کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد علاقہ میں گزشتہ روز کرفیو لگایا گیا۔ 26 اصل ملزمان سمیت 34 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ جمعرات کو پولیٹیکل انتظامیہ کرم ایجنسی کے ترجمان سید سرفراز شیرازی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ رات کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے گیدو میں ایک مسجد میں زمین کے تنازعے پر منگل قبائل کے دو گروہوں کے مابین جرگہ ہو رہا تھا اس دوران فریقین کے مابین تلخ کلامی کے بعد مسجد کے اندر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعہ کے بعد گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب عباسی نے پولیٹیکل ایجنٹ ریاض محسود کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ پولیٹیکل حکام نے فریقین کے مابین فائر بندی کے لئے فوری طور پر امن جرگہ تشکیل دیا جنہوں نے فریقین سے ایک کروڑ دس لاکھ روپے امن جرگہ رکھ دیا۔ اس معاہدے کے تحت یکم ستمبر 2014 تک فریقین پرامن رہیں گے اور ایک دوسرے کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے۔
جرگے پر فائرنگ‘ کرم ایجنسی میں دوسرے روز بھی کرفیو‘ 34 افراد گرفتار
Jul 11, 2014