لندن (بی بی سی) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں جمعے سے شروع ہونے والی جنگ بندی 17 جولائی تک جاری رہے گی۔ انسانی بنیادوں پر ہونے والی جنگ بندی کی مدت 17 جولائی کو ختم ہو جائے گی۔ یمن میں رواں سال مارچ میں سعودی عرب کی کمان میں شروع ہونے والے فضائی حملوں میں اب تک تین ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امدادی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ اڑھائی کروڑ کی آبادی میں سے 80 فیصد افراد کو امداد کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیون ڈیوجرک کا کہنا ہے کہ ’انسانی بنیادوں پر لڑائی میں ہونے والے وقفے کے دوران مستحق افراد کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے فوری اور ہنگامی امداد ناگزیر ہے۔‘ یہ جنگ بندی مقامی وقت کے مطابق جمعے کو رات 11:59 منٹ پر شروع ہو ئی۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں جاری لڑائی میں ہلاک ہونے والے تین ہزار افراد میں سے کم سے کم 1528 عام شہری ہیں۔ اس بحران کی وجہ سے دس لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ فلاحی اداروں کا کہنا ہے کہ یمن میں ایندھن کی کمی سے امداد کی فراہمی اور موثر طبی سہولتوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سے قبل اتحادی افواج نے رواں سال مئی میں پانچ دن کے لئے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا لیکن اس دوران زیادہ تر امدادی سرگرمیاں نہیں ہو سکی تھیں۔
یمن میں جنگ بندی : 17 جولائی تک جاری رہے گی : مستحق افراد کی ہنگامی امداد ناگزیر ہے : ترجمان اقوام متحدہ
Jul 11, 2015