لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر اور انجمن تاجران کے پنجاب کے صدر محبوب علی سرکی نے کہا کہ اسحاق ڈار اور ایف بی آر کے اعلی حکام سے مذاکرات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئے اور ٹیکس حکام نے تاجروں کو درپیش مسائل کو نہ صرف سنا بلکہ مسائل کے حل کیلئے پیش کی جانیوالی عملی تجاویز کو منظور بھی کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ 0.6فیصد بنک ٹیکس کٹوتی صرف نان فائلر کیلئے تھی جو کمی کے بعد 0.3فیصد کردی گئی جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے اعلان کیا کہ عید کے بعد پورے ملک کا تاجر اجلاس 24جولائی بروز جمعة المبارک لاہور میں طلب کرلیا گیا۔ جس میں حکومتی تجاویز پر غور و خوض کیا جائے گا۔ اور حکومت کو جواب دیا جائے گا۔ نعیم میر نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ کسی گروپ کی طرف سے ہڑتال پر بالکل کان دھرنے کی ضرورت نہیں۔
0.3 فیصد ٹیکس خوش آئند اقدام ہے: آل پاکستان انجمن تاجران
Jul 11, 2015