عیدالفطر کی چھٹیاں ختم، سرکاری اور دوسرے ادارے آج کھلیں گے، بس سٹینڈز، ریلوے سٹیشنز پر رش، ٹریفک جام

Jul 11, 2016

لاہور+ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد سرکاری و نیم سرکاری ادارے (آج ) پیر 11 جولائی کو کھل جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر 5 تا 8 جولائی تک سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔ 9 اور 10 جولائی ہفتہ و اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کے باعث چھٹیاں تھیںجو ختم ہوگئیں جس کے بعد (آج) پیر سے تمام سرکاری دفاتر میں معمول کے مطابق کام شروع ہوجائیگا۔ علاوہ ازیں پنجاب سول سیکرٹریٹ عید کی چھٹیوں کے بعد آج کھل جائیگا۔ سول سیکرٹریٹ اور اس سے ملحقہ اداروں کے ملازمین تقریباً ایک ہفتے کی چھٹیوں کے بعد دفتر میں آئیں گے۔ علاوہ ازیں سرکاری ملازمین کی عید کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی اتوار کے روز لاری اڈوں‘ ویگن سٹینڈ‘ ریلوے سٹیشنز پر مسافروں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا۔ پردیسی عید کی چھٹیاں گزارنے کے بعد اپنے اپنے کاروبار اور کاموں پر واپس جانے کےلئے تمام دن ریلوے سٹیشنز‘ لاری اڈوں‘ ویگن سٹینڈز پر خوار ہوتے رہے۔ ویگن اور بس مالکان نے منہ مانگے دام وصول کئے۔ علاوہ ازیں راوی پل سے شاہدرہ چوک تک گزشتہ روز ٹریفک کا بدترےن جام ہوگےا۔ بیرونی شہروں سے لاہور آنیوالی ٹرےفک جام ہونے سے شہریوں کو لاہور میں داخل ہونے کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کی چھٹیوں کے بعد پردیسیوں کی واپسی کی وجہ سے ٹریفک کا دباﺅ بڑھ گیا ہے۔
چھٹیاں ختم

مزیدخبریں