کراچی(اسٹاف رپورٹر)جوڈیشنل آرڈر کے احکامات کے تحت گزشتہ دنوں ایس بی سی اے نے تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں واقع بالمقابل سفاری پارک غیرقانونی بکنگ آفس کومکمل طورپر مسمار کردیا جوکہ گولڈ آرک ریذیڈینسی سروے نمبر596دیہہ گجرویونیورسٹی روڈ گلشن اقبال کراچی کے نام سے تھا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ غیرقانونی بکنگ آفس کسی اورکی اراضی پر بغیر کسی اجازت نامے کے تعمیر کیا گیا تھا‘ مذکورہ اراضی اصل میں سروے نمبر 5533 دیہہ گجر و یونیورسٹی گلشن اقبال کراچی ہے۔ اس بات کا انکشاف سروے نمبر596دیہہ گجرو کے تنازعے سے متعلق مقدمہ نمبر2002/345 کی سماعت کی فاضل جج نے ناظرہائی کورٹ کو کمشنر تعینات کرتے ہوئے سروے نمبر596کی زمین کے معائنے کے احکامات جاری کئے تھے اور اپنے ریمارکس میں اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ صحیح صورتحال کا تعین کیاجائے کہیں ایسا تو نہیں عدلیہ کو غلط حقائق پیش کئے جارہے ہیں اور کسی اورکی زمین پر قبضہ کیاجارہا ہے ‘ ناظر ہائی کورٹ نے سٹی سروے اورعلاقہ پولیس کی مدد سے سروے نمبر596کے مالک کی نشاندہی پر 2016/10/17 کو متعلقہ زمین کا سروے کیا تھا۔ سٹی سروے کی رپورٹ آنے پر انکشاف ہوا کہ مذکورہ زمین سروے نمبر553دیہہ گجرو ہے‘ سٹی سروے کی رپورٹ آتے ہی ناظر ہائی کورٹ نے مذکورہ رپورٹ جمع کروائی تھی اور عدالت کے روبرو جمع کرائی گئی رپورٹ میں عدالت کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ گولڈ آرک ریذیڈینسی کے نام سے ہونے والی دھوکہ دہی کی وسیع پیمانے پر تحقیقات کاآغاز ہوگیا ہے اورعنقریب گرفتاریاں متوقع ہیں۔
بکنگ آفس مسمار