سی پیک سے ریلوے میں انقلاب کی بنیاد رکھی جا رہی ہے: خواجہ سعد رفیق

Jul 11, 2017

لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر ریلویز خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ سی پیک سے ریلوے میں انقلاب کی بنیادرکھی جارہی ہے، ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن کے دو اعلیٰ سطحی وفود پاکستان کے دورے کا آغاز کر رہے ہیں، ہم ان کا پرتپاک استقبال کرنے کے لیے تیارہیں۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہورمیں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ تعمیروترقی کے اس سفر کے آغاز پر پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے، ایک وقت تھا کہ پاکستان ریلویز کو اونے پونے بیچنے کی باتیں کی جارہی تھیں اور آج ہم ریلوے میں جدت کی بنیادرکھ رہے ہیں۔ دوسری جنگ ِ عظیم کے بعد پہلی مرتبہ اپ گریڈیشن کے اس عظیم الشان اور تاریخ ساز پراجیکٹ کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

ریلوے کی بحالی میں چینی دوستوں کی مدد اور معاونت ایک مرتبہ پھرثابت کردے گی کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی، سمندر سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔ ایک اور اجلاس میں سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بہاولپور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب ، حسن ابدال اور نارووال کی صورت حال سے وفاقی وزیر کوآگاہ کیاگیا۔

مزیدخبریں