پانامہ مزید طوالت اختیار کریگا‘ نیب میں ریفرنس دائر کرنا ضروری نہیں

Jul 11, 2017

اسلام آباد(نامہ نگار) پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے ترجمان شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پانامہ کا معاملہ مزید طوالت اختیار کرے گا، یہ ضروری نہیں کہ وزیر اعظم اور انکے صاحبزادوں کیخلاف نیب ریفرنس دائر کیا جائے کیونکہ یہ جے آئی ٹی کی سفارش ہے جس کا حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کو کرنا ہے، نوائے وقت سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ بیس اپریل کے سپریم کورٹ کے فیصلے ، جے آئی ٹی کے مرحلے سے گزرنے کے بعد اور اب جے آئی ٹی کی رپورٹ سے بادی النظر میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ وزیر اعظم اور انکے صاحبزادوں کے اثاثوں اور ذرائع آمدن میں واضح تضاد موجود ہے اسی لئے جے آئی ٹی نے تمام متعلقہ افراد کو شامل تفتیش کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ وزیر اعظم اور انکے صاحبزادوں کیخلاف نیب میں باقاعدہ ریفرنس دائر کیا جائے تاکہ جو ابتدائی تفتیش سامنے آئی ہے اسکی روشنی میں انہیں نا اہل قرار دینے کیلئے یہ ضروری مرحلہ ہے، اگر ریفرنس دائر ہوگا تو بغیر شہادت کے نہیں ہوگا لہذا یہ معاملہ مزید طوالت اختیار کرے گا تاہم یہ سفارش ہے جسکا حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی، انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری اور انکی جماعت کا پہلے دن سے یہی موقف رہا ہے کہ اگر وزیر اعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر آئین، قانون اور جمہوریت کی بالا دستی کیلئے اپنی جماعت کے کسی فرد کو وزیر اعظم نامزد کر دیں تو قوم اس ہیجانی کیفیت سے باہر نکل سکتی ہے۔

مزیدخبریں