ماسکو (اے پی پی) انگلینڈ اور کروشیا کی ٹیموں کے درمیان اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ (آج) بدھ کو کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات گیارہ بجے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 15 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز کھلاڑی ہیری کین نے کہا ہے کہ دوسری مرتبہ عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیت کر ملک و قوم کو تحفہ دینگے، انہوں نے کہا کہ دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا کو شکست دیکر میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں 2-0 سے شکست دینے کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن سے 2-0 کی کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ کروشیا کے خلاف میچ میں کامیابی کے لئے سر توڑ کوشش کرنا ہوگی، انہوں نے کہا کہ ٹیم کی تمام تر توجہ کروشیا کے خلاف دوسرے سیمی فائنل میچ پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے پر بہت خوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور اپنی کارکردگی سے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ انکی پوری کوشش ہے کہ دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت کر ملک و قوم کو تحفہ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے پوری ٹیم کو سر دھڑ کی باری لگانا ہوگی۔ ہیری کین نے کہا کہ انکی ٹیم اس وقت بھرپور فارم ہے اور میگا ایونٹ کا سیمی فائنل میچ کھیلنے کے لئے بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں کروشیا کے خلاف میچ فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کروشیا کی ٹیم کو آسان حریف نہیں تصور کرینگے بلکہ انکی ٹیم نے کروشیا کے خلاف بھرپور حکمت عملی تیاری کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں دوسرا سیمی فائنل آج انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان ہوگا۔