کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارو نے ایف آئی اے کی جانب سے سندھ میں منی لانڈرنگ کے پاناما جیسے بڑے مالیاتی اسکینڈل کو بے نقاب کرنے اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں پیر صاحب پگارو نے کہاکہ قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں‘ موجودہ صورتحال میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ سندھ میں منی لانڈرنگ کے اس بڑے اسکینڈل میں ملوث تمام کرداروں کو نہ صرف قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے بلکہ ان سے سرکاری خزانے سے لوٹی ہوئی تمام دولت واپس لانے اور لوٹ مار میں ملوث ان بڑے مگرمچھوں کو عبرتناک سزائیں بھی دی جائیں۔ جی ڈی اے کے سربراہ نے کہاکہ قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں قوم کی نگاہیں انصاف اور احتساب کے سلسلے میں سپریم کورٹ اور ملک کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں پر لگی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ ہوشربا مہنگائی اور قومی معیشت کی تباہ حالی کے یہی بدعنوان عناصر ذمہ دار ہیں ان لوگوں سے لوٹی ہوئی ہوئی رقم وصول کر کے نئے ڈیموں کی تعمیر اور دوسرے بڑے قومی منصوبوں پر خرچ کی جائے۔
پیر پگارو
سندھ میں منی لانڈرنگ اسکینڈل کے کردار بے نقاب کئے جائیں: پیر پگارو
Jul 11, 2018