لاہور(سپورٹس ڈیسک) روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں فرانس بیلجیئم کو شکست دے کر فائنل میںپہنچ گیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سست کھیل کاآغاز ہو اتاہم بعد میں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کئے۔ ہاف ٹائم تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا ۔ کھیل کے 51ویں منٹ میں فرانس کے دفاعی کھلاڑی سیموئل امتیتی نے ایک کارنرپر ہیڈپر گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی ۔ اس کے بعد کھیل میں مزید تیزی آئی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اٹیکنگ کھیل پیش کیا ۔مقررہ وقت تک فرانس کی برتری ایک صفر رہی۔میچ کے دوران فرانس نے 36فیصد جبکہ بیلجیئم نے 64فیصد وقت گیند اپنے قبضہ میں رکھا۔ فرانس کو چار جبکہ بیلجیئم کو ہانچ کارنرملے۔فرانس نے چھ جبکہ بیلجیئم نے سولہ فائول کئے ۔ فرانس نے سیمی فائنل میں کامیابی سمیٹ کرمیگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ فرانس نے 1998ء میں برازیل کو شکست دے کر ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا ۔ 2006ء کے فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں اٹلی نے فرانس کو شکست دے کر ایونٹ جیتا تھا ۔ورلڈ کپ فیورٹس میں شامل فرانس کی نگاہیں1998 کے بعد ایک اور میگا ٹرافی حاصل کرنے پر مرکوز ہیں،20 برس قبل فرنچ کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے تھیری ہنری خود اب اس کیخلاف منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پانچویں مرتبہ سیمی فائنلزکی چاروں ٹیموں کا تعلق یورپ سے ہی ہے۔
فیفاورلڈکپ:فرانس بیلجیئم کوشکست دے کرفائنل میں پہنچ گیا
Jul 11, 2018