اسلام آباد (نامہ نگار)مستنصر حسین تارڑ عہد ساز ناول نگار، سفر نامہ نگار اور ادیب ہیں۔یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین سید جنید اخلاق نے پاکستانی ادب کے معمار کے سلسلے کی نئی کتاب’’ مستنصر حسین تارڑ :شخصیت اورفن‘‘ کی اشاعت کے موقع پر کہی۔انہوں نے کہا کہ مستنصر حسین تارڑ کا شمار عصرِ حاضر کے صفِ اول کے ادیبوں میں ہوتا ہے۔ وہ ایک ہمہ جہت لکھاری ہیں۔ وہ ایک منفرد ناول نگار ، سفر نامہ نگار، افسانہ نگار، ڈرامہ نگار اور کالم نگار ہیں۔ سید جنید اخلاق نے کہا کہ ’’معمار ادب‘‘ کے سلسلے کی یہ 134ویں کتاب اکادمی ادبیات پاکستان نے شائع کی ہے۔ یہ کتاب معروف ادیب، دانشور اور استاد ڈاکٹر غفور شاہ قاسم نے بڑی محنت اور لگن سے تحریر کی ہے۔ کتاب کی نظر ِ ثانی ڈاکٹر امجد طفیل نے کی ہے۔ یہ کتاب240صفحات پر مشتمل ہے،اس کی قیمت 320روپے ہے۔ یہ کتاب یقینا مستنصر حسین تارڑکی شخصیت کے حوالے سے اہم دستاویز ہے جس سے قارئین استفادہ کریں گے۔ کتاب مارکیٹ ، اکادمی کی بُک شاپ اور اکادمی کے ریجنل دفاتر میںدستیاب ہے۔