اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائی کورٹ نے صدر مملکت ممنون حسین کی نا اہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سیکرٹری قانون سے جواب طلب کر لیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے مطابق صدر پاکستان کا غیر جانبدار ہونا لازمی، ممنون حسین مسلم لیگ ن کے رہنما ہیں، صدر ممنون حسین نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیان حلفی جمع کرایا۔ ممنون حسین صادق اور امین نہیں رہے، اور آرٹیکل 62، 63 کے تحت نااہل ہوتے ہیں۔ عدالت ممنون حسین کا صدارت کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔ عدالت نے کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔