صہبا مشرف نے منی ٹریل دینے کیلئے وقت مانگ لیا

اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل/ نامہ نگار)آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف اور بیٹے بلال کی طرف سے نیب میں تحریری جواب جمع کرادیا گیا ہے تاہم پرویز مشرف کی بیٹی عائلہ اور داماد عاصم کی جانب سے آج (بدھ کو) جواب جمع کرایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے بیگم صہبا مشرف کو ایک گھر، تین پلاٹ اور 6گاڑیوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ صہبا مشرف اور بلال کی جانب سے ایڈووکیٹ اختر شاہ کے ذریعے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ ان کے نام پر موجود تمام جائیداد قانونی ہے اس کی منی ٹریل یا دیگر دستاویزات دینے کیلئے وقت دیا جائے کیونکہ بیرون ملک سے لانے کے دستاویزات کی تصدیق ضروری ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ کرنل (ر) انعام الرحیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست جھوٹ پر مبنی ہے اس کو خارج کیا جائے۔ دوسری جانب نیب نے آج سابق صدر کی بیٹی عائلہ اور داماد عاصم کو طلب کررکھا ہے، ذرائع کے مطابق دونوں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہونگے تاہم اپنے وکیل اخترشاہ کے توسط سے جواب جمع کرائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن