لاہور( خصو صی رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے انتخابی عمل کے دوران صوبہ بھرمیں سیکورٹی انتظامات کومزید سخت کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہورمیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرحسن عسکری کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انتخابی عمل کے دوران امیدواروں کی سیکورٹی اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ نے انتخابی عمل کے دوران صوبہ بھرمیں سیکورٹی انتظامات کومزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت دی کہ امیدواروں کی سکیورٹی پرخصوصی توجہ دی جائے۔ حسن عسکری نے کہا صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انتخابی جلسوں اورجلوسوں کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پرعملدرآمد یقینی بنایا ہے جب کہ امن عامہ کی فضا کومزید بہتربنانے کے لئے ہرضروری قدم اٹھایا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے آج وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے انتہائی قابل پروفیسر کو اہم قومی ذمہ داری دی گئی ہے۔ دریں اثناء نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی آبادی سے معاشی، ماحولیاتی و معاشرتی مسائل جنم لے رہے ہیں، لہٰذا اس اہم مسئلے کے پیش نظر آبادی میںاضافے سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگہی انتہائی ضروری ہے۔