سرگودھا(نامہ نگار)حمزہ شہباز کی آمد پر زبردستی عید گاہ گرائونڈ پر تالے توڑ کر جلسہ کی تیاریوں اور عملہ پی ایچ اے پر تشدد کی وجہ سے سابق ایم پی اے و صدر مسلم لیگ (ن) سرگودھا سٹی عبدالرزاق ڈھلوں ، ڈپٹی مئیر محمد بلال خان اور دیگر لیگی رہنمائوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ حمزہ شہباز کی سرگودھا آمد کے موقع پر جلسہ کی تیاریاں کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف مقررہ مقامات سے ہٹ کر جلسہ کی اجازت دینے سے انکار پر لیگی بپھر گئے اور زبردستی تالے توڑ کر عید گاہ میں تسلط جمانے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں ان دنوں سیاسی گہماگہمی پورے عروج پر پہنچ چکی ہے، مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے دورہ بھلوال کے بعد مسلم مرکزی راہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز آج سرگودھا آئیں گے ، کل 12جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوٹمومن کا دورہ کریں گے جب کہ 16جولائی کو سابق صدر آصف علی ذرداری سرگودھا آئیں گے، اس حوالہ سے سیاسی جماعتوں نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، دوسری جانب حمزہ شہباز کے آج دورہ سرگودھا کے حوالہ سے مسلم لیگ ن نے مرکزی عید گاہ گرائونڈ کا انتخاب کیا اور تیاریاں شروع کردیں ، ضلعی انتظامیہ نے مسلم لیگ ن کو اس امر سے باز رہنے کا کہا اور عید گاہ میں موجود سرکاری اہلکاروں نے جلسہ کے لئے لایا گیا سامان عید گاہ گرائونڈ سے باہر نکال دیا، مسلم لیگ ن کے راہنمائوں نے اس حوالہ سے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو انہیں الیکشن کے حوالہ سے مقررہ سپورٹس سٹیڈیم اور میلہ منڈی گرائونڈ میں جلسہ کے انعقاد کا کہا گیا مگر مسلم لیگ ن راہنمائوں نے انتظامیہ کے احکامات ہوا کی نذر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عید گاہ سے نکالا گیا جلسہ کا سامان زبردستی دوبارہ گرائونڈ میں منتقل کرکے انتظامات شروع کردیئے، اس موقع پر عید گاہ گرائونڈ میں موجود سرکاری اہلکاروں نے انہیں اس امر سے باز رکھنے کی کوشش کی تو مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت اور سرکردہ راہنمائوں نے مزاحمت کی اور سرکاری عملہ کو بری طرح ذد و کوب کیا جس پر سابق ایم پی اے عبدالرزاق ڈھلوں، ڈپٹی مئیر محمد بلال خان، زاہد اور دیگر لیگی راہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
سرگودھا: حمزہ شہباز کے جلسہ کی اجازت دینے سے انکار پر لیگی رہنمائوں، کارکنوں کا سرکاری اہلکاروں پر تشدد
Jul 11, 2018