بھلوال (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے بھلوال میں جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کو بیماری کی حالت میں چھوڑ کر آ رہے ہیں، اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو صحت یابی عطا فرمائے۔ نواز شریف نے فیصلہ ملتوی کرنے کی درخواست کی جسے نامنظور کر دیا گیا۔ خدا نے نواز شریف کو ہمت دی اور انہوں نے واپسی کا اعلان کیا۔ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ نواز شریف نے پاکستان کو سی پیک کا تحفہ دیا، ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا، 6 جولائی کا فیصلہ نامنظور ہے، جس نے ملک کی خدمت کی کیا اسے سزا ملنی چاہئے؟ نیب عدالت نے زیادتی پر مبنی فیصلہ سنایا۔ یہ فیصلہ منظور نہیں۔ نواز شریف نے کہا اہلیہ ہوش میں نہیں آئیں، ہوش میں آ جائیں پھر فیصلہ سنا دیں، نواز شریف فیصلہ مؤخر کرنے کیلئے چند دن مانگ رہے تھے، نیب عدالت نے 6 جولائی کو فیصلہ سنانے کا کہا۔ عمران خان الزام خان ہیں، رات دن جھوٹ بولتے ہیں، موقع ملا تو پنجاب نہیں پاکستان کو ترقی کا ہم پلہ کر کے دکھائوں گا، جھوٹے، مفرور خان کو چلہ کاٹنے کیلئے پیر کے ساتھ بیٹھنے پر مجبور کر دیں، اگر موقع ملا تو پہلے دن ہی بھلوال کو ضلع بنائوں گا، کیا جھوٹے آدمی کو اپنا وزیراعظم بنائو گے، پشاور میں میٹرو نہیں آئی، عوام کی بس کرا دی، مجھے پتہ نہیں تھا کہ یہ اتنا جھوٹ بولتا ہے۔ آج پشاور میں کھنڈرات بن گئے ہیں، خیبر پی کے میں ہسپتال بنائے نہ ہی یونیورسٹیاں بنائیں، ن لیگ کی حکومت نے ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنائیں۔ نواز شریف کو ائرپورٹ سے سیدھا جیل بھیجا جائے گا۔ نواز شریف اپنی ذات نہیں قوم کے لئے آ رہے ہیں۔ کارکن اپنے قائد کا لاہور ائرپورٹ پر شاندار استقبال کریں گے۔ نواز شریف کو واپسی پر والدہ سے ملنے نہیں دیا جائے گا۔میرا سیاسی کردار آپ کے سامنے ہے ہزار غلطیاں ہوئی ہوگی مگر خادم اعلیٰ کے حثیت سے عوام کی خدمت کے لئے دل رات ایک کئے جس کو دیکھتے ہوئے عوام 25 جولائی کو شیر کو کامیاب بنائیں۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر مختار احمدبھرت، صہیب احمد بھرت، یاسر ظفر سندھو، چوہدری شاہنواز رانجھا، الیاس ساجد گجر، مرزاخالد محمود، چوہدری ناصر محمد علی، چوہدری سہیل مشتاق وڑائچ، پیر فاورق بہاوالحق شاہ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
کیا ملک کی خدمت کرنیوالے کو سزا ملنی چاہئے ، پاکستان کو ترکی کا ہم پلہ بنائونگا : شہباز شریف
Jul 11, 2018