لاہور (خصوصی رپورٹر) نواز شریف اور مریم نواز شریف کی 13 جولائی کو وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کرنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے شہباز شریف کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں لاہور میں استقبال کے انتظامات کے انچارج حمزہ شہباز، مشاہد حسین سید، مریم اورنگزیب، پرویز ملک اور پارٹی کے ڈویژنل عہدیداران، سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈروں نے بھی شرکت کی۔ شہباز شریف نے شرکاء اجلاس سے ان کی آرا سنیں اور اس کی روشنی میں حکمت عملی اپنانے پر رضامندی ظاہر کی۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا کہ 13 جولائی کا استقبال 25 جولائی کے الیکشن ہی کی طرح اہم ہے۔ نواز شریف کے استقبال پر آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام تر جبر کے باوجود مسلم لیگ ن الیکشن میں اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی۔ نواز شریف نے بڑا دلیرانہ فیصلہ کیا ہے۔ پورے پنجاب سے کارکن لاہور پہنچیں گے۔ مسلم لیگ ن کے شیروں کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ بھرپور استقبال کریں لیکن گرفتاریوں سے بچیں۔ عمران خان نے پانچ سال دھرنوں میں ضائع کئے، 25 جولائی کا سورج مسلم لیگ ن کی کامیابی کی نوید لائے گا۔
نواز شریف کا استقبال، انتظامات کا جائزہ کیلئے شہباز شریف کی صدارت میں اجلاس
Jul 11, 2018