اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل/نا مہ نگار)آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پرویز مشرف کی اہلیہ صہبامشرف اور بیٹے بلال کی طرف سے نیب میں تحریری جواب جمع کرادیا گیا ہے تاہم پرویز مشرف کی بیٹی عائلہ اور داماد عاصم کی جانب سے آج(بدھ کو)جواب جمع کرایاجائے گا ۔ ذرائع کے مطابق نیب نے بیگم صہبا مشرف کو ایک گھر، تین پلاٹ اور 6گاڑیوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی صہبا مشرف اور بلال کی جانب سے ایڈووکیٹ اخترشاہ کے ذریعے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ ان کے نام پر موجود تمام جائیداد قانونی ہے اس کی منی ٹریل یا دیگر دستاویزات دینے کیلئے وقت دیاجائے کیونکہ بیرون ملک سے لانے کے دستاویزات کی تصدیق ضروری ہے ۔جواب میں کہا گیا ہے کہ کرنل(ر)انعام الرحیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست جھوٹ پر مبنی ہے اس کو خارج کیاجائے۔ دوسری جانب نیب نے آج سابق صدر کی بیٹی عائلہ اور داماد عاصم کو طلب کررکھا ہے ، ذرائع کے مطابق دونوں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوگے تاہم اپنے وکیل اخترشاہ کے توسط سے جواب جمع کرائیں گے۔ واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی درخواست پر انکوائری کی جارہی ہے۔
صہبا پرویز مشرف نے منی ٹرائل دینے کیلئے وقت مانگ لیا
Jul 11, 2018