کراچی: تحریک انصاف عام انتخابات 2018 میں ن لیگ پر بازی لے جائے گی، عالمی انویسٹمنٹ بینک کریڈٹ سوئس نے تجزیاتی رپورٹ جاری کر دی۔عالمی انویسٹمنٹ بینک کریڈٹ سوئس نے پاکستان میں ہونے والے انتخابات پر رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ الیکشن میں کوئی بھی پارٹی اکثریت حاصل نہیں کرسکے گی، کریڈٹ سوئس کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی پارٹی صدارت ختم ہونے سے پی ٹی آئی کو موقع ملا، اس لئے اس بات کے امکانات بہت زیادہ ہیں کہ پی ٹی آئی کو پاکستان مسلم لیگ ن پر برتری مل جائے۔پاکستان تحریک انصاف 34 فیصد یا 92 قومی اسمبلی کی نشستوں کے ساتھ اول نمبر پر جبکہ مسلم لیگ ن قومی اسمبلی کی 27 فیصد یا 73 سیٹوں کے دوسرے نمبر پر آسکتی ہے۔ پی ٹی آئی کامیابی کی صورت میں اتحادی حکومت بنا سکتی ہے مگر اس بات کے امکانات 60 فیصد ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 15 فیصد امکانات ہیں کہ عمران خان حکومت بنانے کے لئے پیپلز پارٹی سے مدد مانگیں۔ کریڈٹ سوئس نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ آئندہ حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑ سکتا ہے کیونکہ زرمبادلہ کے ذخائر 2 ماہ کی درآمدات کے لئے ناکافی ہیں اور جاری کھاتوں کا خسارہ گیارہ ماہ میں 16 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔