مقبوضہ کشمیر: پاکستانی پرچم لہرانے پر بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے آسیہ اندرابی کا گھر ضبط کر لیا

Jul 11, 2019

سری نگر(کے پی آئی+ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں گھر پر پاکستانی پرچم لہرانے والی دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے گھر کو ضبط کر لیا گیا ہے ۔ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے)نے کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کے سری نگر میں گھر پر نوٹس لگا دیا ہے ۔ این آئی ائے نے ضبطگی کے احکامات میں تمام متعلقہ افراد کو پیشگی اجازت کے بغیر جائیداد کے انتقال ، فروخت یا کسی قسم کا لین دین نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ جائیداد مقبوضہ کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس کی اجازت سے ضبط کی گئی ہے۔آسیہ اندرابی بھارت مخالف سرگرمیوں کے الزم میں ان دنوں دہلی کے تہار جیل میں ایام اسیری کاٹ رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر، ڈاکٹر قاسم فکتو بھی جیل میں ہیں۔ سری نگر کے صورہ علاقے میں آسیہ اندرابی کے گھر پر این آئی اے اہلکاروں نے بدھ کی صبح نوٹس چپکا دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کی جانب سے منظر عام پر لائی گئی دوسری رپورٹ پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کی طرف سے یہاں پر ہورہی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر اپنی تشویش کا اظہار خوش آئندہ ہے، لیکن نہتے اور مصیبت زدہ لوگوں کی خون آشام زندگی رپورٹوں سے آگے کچھ عملی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ سرکاری انسانی حقوق کمشن نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین کی قید کے کیس میں کمیشن کے پاس پیش ہونے میں ناکامی کی پاداش میںمحکمہ داخلہ کے ڈپٹی سیکریٹری کے نام ضمانتی وارنت گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔کشتواڑ میں عام لوگوں کو فوجی وردی فروخت کرنے اور پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ پولیس ترجمان نے عوام سے کہا ہے کہ کہ وہ فوجی وردی نہ پہنیں جبکہ دکانداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس طرح کے کپڑوں کو فروخت نہ کریں کیونکہ حریت پسند ایسے کپڑوں کا استعمال کرکے اپنے مقاصد انجام دے سکتے ہیں ۔

مزیدخبریں