لاہور (نامہ نگار) تھانہ اکبری گیٹ میں مبینہ طور پر پولیس کے بہیمانہ تشددکے باعث بچوں سے زیادتی کے مقدمے میں گرفتار نوجوان ہلاک ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے تھانے کی حوالات میں لوہے کی کھڑکی سے گلے میں پھندا لے کر خودکشی کی ہے جبکہ ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ تھانے میں پولیس کے بدترین تشدد سے ذیشان ہلاک ہو گیا تو پولیس نے اس کی خودکشی کا ڈرامہ رچا دیا ہے۔ تھانہ اکبری گیٹ پولیس نے محلہ چابکسواراں کے محمد قذافی کی درخواست پر گزشتہ روز اس کے بیٹے محمد رمضان اور بھتیجے اسد قاسم کو زیادتی کا نشانہ بنانے پر محلے دار نوجوان ذیشان عرف کاکا کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر کیا تھا۔ ذیشان کی ہلاکت پر ورثاء نے تھانے کے باہر شدید احتجاج اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ آئی جی پنجاب پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دریں اثناء تھانہ اکبری گیٹ میں ملزم ذیشان کی ہلاکت کے واقعہ پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے تھانے جاکرجائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران سے وقوعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایس پی آپریشنز لاہورکو خودکشی کے واقعہ کی مکمل انکوائری کا حکم دیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق تھانہ کی حوالات میں اس واقعہ کے وقت اور بھی انڈر ٹرائل ملزمان موجود تھے۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور معاملہ کی مزید انکوائری کر رہے ہیں جبکہ فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔