اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) اعلی عدلیہ کے خلاف حکومتی ریفرنس ،پاکستان بار کونسل نے 13 جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیاہے۔پاکستان بار کونسل سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی اور سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں صدارتی ریفرنس کے تناظر میں کیا گیا ہے۔بار کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے جج کے خلاف صدارتی ریفرنس کا مقصد عدلیہ کی آزادی کو سلب کرنا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 13 جولائی ہفتہ کو وکلا ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کریں گے جبکہ پشاور میں منعقدہ وکلا کنونشن میں شرکت بھی کریں گے۔کنونشن میں اعلی عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے لئے وکلا ء کی مشاورت سے شفاف طریقہ کار اپنانے اور اس مقصد کے لئے آئین کے آرٹیکل 175اے میں ترمیم کرنے کے علاوہ سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کے آئینی اختیار کے استعمال کے لئے معیار مقرر کرنے اور متاثرہ فریق کو اپیل کا حق دینے کے لئے عدالت عظمی کے قواعد میں ترمیم کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ وکلا کنونشن میں سپریم جوڈیشل کونسل کی کارکردگی ،زیر التوا شکایات اور ان پر فیصلے عام کرنے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔