نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کی منظوری دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے دوبارہ صحت کے معاملے کو مدنظر رکھا جائے گا جبکہ سکول کھولنے سے قبل تعلیمی اداروں میں ایس او پیز کے حوالے سے ٹریننگ ہو گی۔
تعلیمی اداروں کی بندش سے بلاشبہ طلبہ و طالبات کا حرج ہو رہا ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کی مشکلات اپنی جگہ پر ہیں جبکہ والدین بھی شدیدپریشان ہیں، تاہم سخت ایس او پیز پر عمل کر کے ایسی صورتحال نبردآزما ہوا جا سکتا ہے۔ اس میں حکومت کیساتھ ساتھ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے سربراہوں، اساتذہ، نجی تعلیمی اداروں کے مالکان اور والدین سبھی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں تو نصرت الٰہی سے اس مشکل ترین صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے‘ لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ایس او پیز پر لمحہ بھر کیلئے غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے البتہ جہاں نقص ہو اس کو فوری دور کیا جائے۔