صنعتی کلسٹرز قائم کر کے سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے، ماتھر نیاز رانا

Jul 11, 2020

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی    ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں وزارت پلاننگ و ڈیولپمنٹ کے سیکرٹری ماتھر نیاز رانا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور خطے میں صنعتکاری کو فروغ دینے کے امور پر ان کے ساتھ بات چیت کی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین وفد میں شامل تھے۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزارت پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری ماتھر نیاز رانا نے وفد کو اپنی وزارت کے مختلف  پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا اور سی پیک منصوبے کی تفصیلات ان کے ساتھ شیئر کیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں نجی شعبے کیلئے جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں لہذا چیمبر نجی شعبے کے ممبران ترغیب دے کہ وہ ان منصوبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت اسلام آباد میں ایک انڈسٹریل زون قائم کیا جائے گا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ چیمبر انڈسٹریل زون کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی تجاویز دے جن پر حکومت غور کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں مختلف شعبوں کے صنعتی کلسٹرز قائم کرنے کی ضرورت ہے جس سے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان کلسٹرز میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں سہولت ہو گی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ چیمبر گذشتہ کئی سالوں سے اسلام آباد میں ایک انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے تاکہ صنعتکاری کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں اب نئی صنعتیں لگانے کیلئے گنجائش نہیں رہی جس وجہ سے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کرنے میں مشکلات درپیش ہیں اس لئے نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام وقد کی اشد ضرورت ہے۔لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت پلاننگ و ڈیولپمنٹ اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں تعاون کرے جس سے علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اعتماد میں لے کر سی پیک منصوبے کے تحت اسلام آباد میں انڈسٹریل زون قائم کیا جائے۔

مزیدخبریں