کلر سیداں (نامہ نگار) ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے جیل خانہ جات راجہ صغیر احمد نے کہا ہے کہ علاقہ کے مسائل سے آگاہ ہوں حل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا۔تمام کام میرٹ پر ہونگے،ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کرونگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یونین کونسل کنوہا کے نواحی علاقہ نئی آبادی ڈھوک علی شان میں 20 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی چوآ خالصہ سے مائلی لنک روڈ کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق امیدوار برائے چیئرمین چوہدری اسد عزیز نمبردار،چوہدری جمشید،چوہدری شعیب اور پٹواری عبدالقدوس سمیت پی ٹی آئی کے مقامی رہنما وں و معزز ین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔راجہ صغیر احمد نے کہا کہ گزشتہ چالیس برس سے اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے حلقہ پی پی 7 کی پسماندگی کے خاتمہ پر کوئی توجہ نہ دی اور اسے پسماندگی کے اندھیروں میں دھکیل کر اب خود نیند کے مزے لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں واحد ایم پی اے ہوں جسے اپنے حلقہ میں سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز استعمال کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے کلر سیداں دانگلی روڈ کی تعمیر کا کام ایک ہفتہ میں شروع ہو جائے گا۔