وزیر اعظم عمران خان نے سربرینیکا میں ہونے والے قتل عام کے 25سال مکمل ہونے پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں سربرینیکا میں ہونے والے قتل عام پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سربرینیکا میں ہونے والے قتل عام کا دن آج بھی مجھےیاد ہے ، آج سربر ینیکا میں ہونے والی نسل کشی کی پچیسویں میموریل برسی منائی جا رہی ہے۔ کبھی سربرنیکا اقوام متحدہ کی امن فوج کی محفوظ جنت تھی، صدمہ ہے کہ عالمی برادری نے کس طرح اس قتل عام کی اجازت دی ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آٹھ لاکھ بھارتی قابض فوج نے 80لاکھ کشمیریوں کویرغمال بنایاہواہے،آج کشمیریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بھی اسی طرح کے قتل عام کاخدشہ ہے ، عالمی برادری یقینی بنائے کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ ہم اس سے سبق سیکھیں ۔وزیراعظم نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے بوسنیا کے عوام کیلئے سلامتی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
واضح رہے کہ 1995ء میں بوسنیا کی سرب فوج کی جانب سے 8ہزار مسلمان مردوں اور بچوں کے قتل عام کو یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد بد ترین قتل عام قرار دیا جاتا ہے۔