واشنگٹن (این این آئی )امریکہ نے چین، روس اور ایران سے منسلک مزید 34 کاروباری کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان پر پابندیاں عاید کر دیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ کے چین، روس اور ایران کے ساتھ جاری تنا کے جلو میں محکمہ تجارت نے اعلان کیا کہ ایران، چین اور اس سے متعلقہ چونتیس کمپنیوں کو پابندیوں سے متعلق امور کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے انہیں بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔وازرت تجارت نے وضاحت کی کہ ان کمپنیوں میں سے 14 کمپنیوں کا تعلق چین سے ہے۔ ان پر امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مفادات کی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔وزارت کے مطابق چین میں قائم ان 14 کمپنیوں پر بیجنگ کی طرف سے اقلیتی گروہوں جیسے ایغور، قازق اور دیگر افراد نسلوں پر جبرو تشدد میں مدد،ان کی اجتماعی نظربندی اور نگرانی کی مہم چلانے میں بھی مدد کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔امریکہ نے آٹھ کمپنیوں کو ممنوعہ امریکی سامان ایران کو برآمد کرنے میں مدد فراہم کرنے کے الزم کے تحت بلیک لسٹ کیا ہے۔ ممنوعہ سامان میں الیکٹرانک آلات اور دیگر مشینری شامل ہے۔قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ جولائی کے آغاز میں امریکی وزارت خزانہ نے تین ایرانی شہریوں(بہزاد ڈینیئل فردوس ، مہرزاد مینوئل فردوس اور محمد رضا دزفولیان ایران) پر پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں پابندیاں عاید کی تھیں۔