لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ سونامی کا دور ختم ہو رہا ہے۔ اب فلاحی مملکت کا دور آئے گا۔ انتخابی اصلاحات کا مکمل پیکیج سیاسی جماعتوں کو بھیج دیا۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اسلامی حکومت کا کام صرف سزائیں دینا نہیں ، بلکہ ایک ایسے نظام کا قیام ہے جس میں ریاست کے ہر شہری کو اس کا حق ملے۔ اسلامی نظام میں شہریوں کو بلاامتیاز صحت اور تعلیم کی سہولتیں میسر ہوں گی۔ قانون امیر و غریب کے لیے یکساں اور انصاف دہلیز پر ملے گا۔ ملک کو قرضوں کے چنگل سے آزادی ملے گی اور زکوۃ و عشر کی بنیاد پر معیشت مستحکم کر کے ملک کو عظیم سلطنت بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار منصورہ میں مرکزی سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم، لیاقت بلوچ، ڈاکٹر طارق سلیم، قیصر شریف اور زبیر گوندل بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا ملک میں مدینہ ریاست کا ماڈل اپنانا ہے تو مافیاز، کرپٹ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو حکومتی ایوانوں سے الگ کرنا ہوگا۔ افغانستان سے امریکہ کی پسپائی افغان عوام کی سپر طاقتوں کو شکست دینے کی ہیٹرک ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی آئندہ الیکشن اپنے جھنڈے اور انتخانی نشان ’’ترازو‘‘ کے ساتھ لڑے گی۔ امیر العظیم نے کہا قوم اب کرپٹ اور فرسودہ نظام سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔ سیاسی کونسل کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلدیاتی الیکشن اور جنرل الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں چار گھنٹے جاری رہا۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ عوامی رابطوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ مہنگائی و بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف جاری تحریک کے اگلے فیز کے شیڈول کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔