ملکی خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ، شہر کو مزید نظرانداز نہیں کر سکتے‘ صدر 

اسلام آباد(نا مہ نگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت گورنر ہائوس، کراچی میں اعلی سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں کراچی شہر کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کے حل کے لئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اجلاس میں کرونا کی نئی لہر کی وجہ سے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر بھی بات چیت کی گئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، اہلِ کراچی کی حالت زار کو مزید نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کی واضح علامات ظاہر ہو رہی ہیں، ملک میں کرونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور وائرس کی بھارتی قسم کی وجہ سے کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، صدر نے کہا کہ عوام کو جلد سے جلد اپنے آپ کو کرونا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

ای پیپر دی نیشن