ایکس کیڈر کورٹس میں ججز کی عدم تعیناتی پر تشویش ، حکومت سنجیدہ نہیں : جسٹس امیر بھٹی 

Jul 11, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی اور سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد کے ساتھ صوبائی انتظامیہ کے اعلیٰ افسروں نے ملاقات کی ملاقات کرنے والوں میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری، سیکرٹری سروسز صائمہ سعید، سیکرٹری قانون بہادر علی خان شامل تھے۔ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک بھی اپنی مصروفیات ترک کر کے اجلاس میں شریک ہوئے۔پنجاب کی ایکس کیڈر کورٹس میں ججز کی خالی آسامیوں کا معاملہ زیر بحث آیا چیف جسٹس امیر بھٹی نے صوبائی حکومت کوہدایت کی کہ پنجاب کی ایکس کیڈر کورٹس کے لئے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے بھیجی گئی نامزدگیوں کو آئندہ دس دن میں منظور کیا جائے وگرنہ یہ نامزدگیاں مسترد تصور کی جائیں گی۔صوبائی حکومت کی جانب سے متذکرہ نامزدگیوں کو سنجیدہ نہیں لیا جارہا، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو آئندہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے صوبے کی ایکس کیڈر کورٹس کیلئے نامزدگیاں نہیں بھیجی جائیں گی ۔ آئندہ ایک اسامی کے تقرر کے لیئے صرف ایک ہی نامزدگی کی جائے گی جس کی منظوری دس ایام کے اندر دی جائے۔جسٹس امیر بھٹی نے ایکس کیڈر کورٹس میں ججز کی تعیناتی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ججز کی عدم دستیابی سے زیرِ التواء مقدمات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں مقدمات زیر سما عت ہیں مقدمات کی سماعت نہ ہونے کی وجہ سے وکلاء اور سائلین کو شدید مشکلات کا بھی سامنا ہے صوبائی حکومت عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ججز کی تعیناتیوں کے لئے فوری اقدامات کرے تاکہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے واضح رہے کہ پنجاب کی 7 عدالتیں طو یل عرصے سے خالی ہیں۔

مزیدخبریں