کراچی(نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی۔دونوں رہنماوں نے ملک وملت کی صورتحال اور جمہوریت کے فروغ کیلئے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن وحکومتی بینچوں پر بیٹھنے والے بعض ارکان اسمبلی کے غیر سنجیدہ رویہ اور پارلیمنٹ کی غیرتسلی بخش کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ ملک وملت کے مسائل سمیت ملک میں آئین وقانون کی بالادستی اور جمہوریت کے فروغ کیلئے پارلیمنٹ کا کردار مؤثر اور بہتر روایات کو قائم کرنا چاہئے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوبائی امیر کو یقین دلایا کہ ان کے ہوتے ہوئے قرآن وسنت کیخلاف کوئی بھی قانون سازی نہیں ہوگی،گھریلو تشد د بل کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا ہے علماء سے مشاورت کے بعد اس میں ترمیم کا سوچ رہے ہیں۔