جاہل پیروں کے آستانے مال کمانے کی فیکٹریاں بن چکے:فداحسین

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)  اہلسنت کے مرکزی خطیب اور نامور عالم دین علامہ پیر سید فداحسین شاہ حافظ آباد نے کہا ہے کہ ایسے نام نہاد پیر جنکے کروڑوں اربوں روپے کے بینک بیلنس ہیں اور انکی اولادیں مریدوںکے نذرانوں پر عیاشیاں کررہی ہیں انہیں نذرانہ دینا کسی طرح بھی جائز نہیں۔عوام اہلسنت کو چاہئے کہ وہ ایسے جاہل پیر جنھیں دعاکرنی بھی نہیں آتی ۔انہیں نذرانے دینے کی بجائے اپنے غریب  غرباء اور مدارس کے طلبہ کی امداد کریں ۔ وہ یہاں ممتا زعالم دین علامہ رانا محمد اصغر چشتی ؒ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ افسوس کا مقام ہے جاہل پیروں کے آستانے اسوقت مال کمانے کی فیکٹریاں بن چکے ہیںجہاں پرغریب مریدوںکا استحصال کرکے لوٹ مار کی جارہی ہے۔ریفرنس سے بیرسٹر سید وسیم الحسن نقوی، علامہ فیصل ندیم کیلانی، علامہ حبیب اﷲجلالی، علامہ بدرالزمان تارڑ، پروفیسر محمد اکرم چشتی، مولانا رانا محمد عثمان، علامہ احمد سعید سیال، علامہ سید سجاد حیدر نقوی، صاحبزادہ محمد رضا مدنی، صوفی طفیل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن