اسلام آباد :ایل پی جی پالیسی پر مشاورت کیلئے پیٹرولیم ڈویژن میں ہنگامی اجلاس آج اتوار کوچھٹی کے روز طلب کرلیا گیا ۔اجلاس میں ایل پی جی پالیسی پر شراکت داروں سے مشاورت کی جائے گی ۔
اجلاس میں چیئرمین اوگرا، سیکریٹری جنرل پاکستان پیٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیز شرکت کریں گے۔چیئرمین ایل پی جی مارکیٹرزایسوسی ایشن، ایم ڈی پی ایس او،ایم ڈی سوئی سدرن بھی شریک ہوں گے۔ایم ڈی پارکو ، چیئرمین اوسی اے سی ، سی ای او اینگروٹرمینل چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن بھی شرکت کریں گے ،ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیز اور ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن بھی شریک ہوں گے۔آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن کی جانب سے اجلاس کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا جس پر ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے معاون خصوصی تابش گوہر کو خط لکھ دیا ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق ایل پی جی سپلائی چین میں شامل ساٹھ فیصد شراکت داروں کو دعوت ہی نہیں دی گئی ۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق یہ عجب بات ہے کہ پالیسی پر اجلاس چھٹی کے روز بلایاجارہاہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے پیشگی نوٹس کے ساتھ ویک ڈیز میں اجلاس بلانے کا مطالبہ کرلیا۔ ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں میٹنگ کا مقصد بھی شامل ہونا چاہیے۔ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق حکومت سمندری راستے سے ایل پی جی درآمد کرنے والے تین درآمدکنندگان کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے ،ایسوسی ایشن نے اپنی تجاویز بھی حکومت کو بھجوادیں ۔
ایل پی جی پالیسی کے مسودے کی تیاری میں ایف بی آر اوگرا کو اعتماد میں نہیں لیاگیا۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق ایل پی جی درآمدکنندگا ن اور مقامی کمپنیوں پر یکساں شرح سے ٹیکسز لگائے جائیں ۔مقامی کمپنیوں کو مسابقتی فضا فراہم کی جائے ۔