لاہور (خصوصی نامہ نگار)محرام الحرام میں قیامِ امن کے لیے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے، ایوان اوقاف لاہور میں صوبائی سطح پر " محرم سیل" قائم کرتے ہوئے کہا ہے کہ محراب و منبر قومی یکجہتی کے تقاضوں سے آگاہ ہے۔وطن دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے۔ پنجاب حکومت دہشت گردی کے خاتمہ، امن وامان کے قیام اور مذہبی رواداری کے فروغ کے حوالے سے اپنی ذمّہ داریاں نبھانے کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری، بھائی چارے اور اتحاد ویگانگت کی فضا کا قیام ملک کی فکری،نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے ایڈ منسٹریٹرز اوقاف پنجاب کو بھی ہدایات جاری کیں کہ تمام ڈویڑنل و ضلعی سطح پربھی " محرم سیل " قائم کیے جائیں اور محرم الحرام کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال صدر دفتر کو فوری رپورٹ کی جائے۔ واضح رہے کہ " محرم سیل " 10 محرم الحرام1445ھ تک 24 گھنٹے اپنی خدمات سرانجام دے گا، جس کے لیے محکمہ کے افسران و اہلکاران کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کردیا گیاہے۔
ماہ محرم میں مذہبی رواداری، بھائی چارے کا قیام ناگزیر ہے‘طاہررضا بخاری
Jul 11, 2023