لاہور( نیوز رپورٹر) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل تنویر احمد خان نے کہا ہے کہ باوفا اورباصفا عبدالستار ایدھی کی حیات خدمت انسانیت سے عبارت تھی۔ ان کی زندگی معبود برحق کی بندگی اور خدمت خلق کی آئینہ دار تھی۔وہ زندگی بھر صلہ رحمی کے تحت مستحق ناداروں اوربیماروں کیلئے آسانیاں پیداکرتے رہے۔انہوں نے سود و زیاں سے بے نیازہوکر ہزاروں ٰیتیم بچوں کوباپ کاپیار اورسہارا دیا جبکہ ہزاروں قوم کی بیٹیوں کا بیاہ اورانہیں اپنی پرخلوص دعاﺅں کے ساتھ رخصت کیا۔مجھ سمیت جو بھی شخصیات سماجی اورفلاحی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھتی ہیں ان کیلئے عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے گرانقدر خدمات آج بھی مشعل راہ ہیں۔ وہ عبدالستار ایدھی کے درجات کی بلندی کیلئے ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تنویر احمد خان نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی سات برس قبل ہم سے بچھڑے تھے لیکن ان کی یادیں آج بھی زندہ ہیں۔ وہ اپنی ذات اور صفات کے معاملے میں ایک عہد تھے جو لحد میں اتر گیا۔ اگرپاکستان میں سماجی سرگرمیوں بارے کوئی کتاب لکھی جائے گی تویقیناعبدالستار ایدھی اس کاجلی عنوان ہونگے۔